اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، فارمیسیز اورقرنطینہ سہولیات کے قیام کیلئے سٹیٹ بینک کی ری فنانس سکیم کے تحت اب تک 5.462 ارب روپے کے قرضوں کا اجرا کردیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اس سکیم کا کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا، سکیم کا مقصد وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، طبی مراکز اورفارمیسیز کی استعدادکار میں اضافہ اور قرنطینہ سہولیات کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اس سکیم کے تحت 12 جون 2020ء تک 40 ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیزکی جانب سے 7.331 ارب روپے مالیت کی 39 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 29 درخواستوں کی منظوری دی گئی اوران ہسپتالوں وطبی مراکزکو 5.462 ارب روپے کے قرضوں کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتال اورطبی مراکز کے لئے قرضہ کی حد 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر50 کروڑ روپے کر دی ہے۔ سٹیٹ بینک بینکوں کو یہ سکیم بلاسود فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگربینک ہسپتالوں یا طبی مراکز کو 3 فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ سکیم کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پرسہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔