اسلام آباد(بیورو چیف نسیم حیدر)ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاکستان نیوی)نیول ہیڈکواٹرز، اسلام آباد
اپنے آزاد ریاست کے نظریئے سے پاکستان کے قیام کی سوچ اجاگر کرنے والے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 143ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جوش و جذبے سے اعزازی گارڈزکے فرائض سنبھا لے۔ جبکہ گارڈز کی ذمہ د اریوں سے سبکدوش ہونے والا رینجرزکا دستہ اپنے آفیسر انچارج کی کمان میں مزار کے احاطے سے رخصت ہوا۔ اسٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور، کموڈور محمد نعمت اللہ نے فرائض سنبھالنے اور فرائض سے سبکدوش ہونے والے پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔ اعزازی گارڈ کی تعیناتی کے بعداسٹیشن کمانڈر (نیوی) نے چیف آف دی نیول اسٹاف،پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے قومی شاعر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں، اسٹیشن کمانڈر نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ تقریب میں ملٹری و سول افسران، طلباء و طالبات اور عوام الناس نے شرکت کی۔