اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) عالمی بینک نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو اپنی برآمدات کو بڑھانا اوراسے بہتر بنانا ہوگا۔ یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ائریکٹرالانگوپیچوموتونے پیر کو اپنے ٹویٹ اورمنسلکہ بلاگ میں کہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کورونا وائرس کی عالمگیروبا سے متاثرہونے والے ممالک میں شامل ہیں، اس وبا نے پاکستان کی برآمدات کو بھی نشانہ بنایا ہے، مئی کے مہینہ میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 1.39 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیاہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 34 فیصد کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معاشی بحالی میں برآمدات کا کلیدی کردارہے، برآمدات پاکستان میں مزدوروں کو کھپانے ، رروزگارکے مواقع بڑھانے اور ڈالرکمانے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذاتی حفاظت کے آلات اوراشیاء کی بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کو تقابلی طورپر بہترپوزیشن حاصل ہے، اسی تناظر میں کورونا وائرس کی عالمگیروبا کے معاشی اثرات سے نمٹنے اوربڑھوتری وترقی کیلئے پاکستان کو اپنی برآمدات کو بڑھانا اوراسے بہتر بنانا ہوگا۔