
پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا ہے کہ وہ یاسمین راشد کے بیان سے متفق ہیں۔ رمیز راجا نے وزیر صحت پنجاب کے بیان سے متعلق ووٹنگ بھی کرائی جس کے نتائج کے بعد انہوں نے اس پر اپنی رائے دی ہے۔
17 جون کو رمیز راجا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یاسمین راشد کے بیان سے متعلق ووٹنگ کرائی، جس میں انہوں نے لوگوں سے پوچھا کہ کتنے لوگ صوبائی وزیر کے بیان کو صحیح سمجھتے ہیں؟
رمیز راجا کے سوال پر 15 ہزار 492 لوگوں نے ووٹ کیا۔ نتائج کے مطابق 85 فیصد افراد نے ’متفق‘ جبکہ 15 فیصد نے’نہیں‘ کا انتخاب کیا۔
رمیز راجا نے ان کے سوال پر رائے دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ووٹنگ کے نتائج کے مطابق وہ بھی یاسمین راشد کے بیان سے متفق ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز سے متعلق ایک سوال پر یاسمین راشد نے لاہور کے شہریوں سے متعلق سخت جملوں کا استعمال کیا تھا۔