خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دو مختلف دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل مہمند کے علاقے عرب میں ایک دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا دھماکہ تھانہ لوئی مہمند کی حدود میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
خیبرپختونخوا میں پچھلے کچھ دنوں سے ایسے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
20 نومبر کو خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں ایک چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں کم از کم بارہ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے مالی خیل کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔ چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو فوجیوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کی وجہ سے خوارج کو ایک بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سے ٹکرانا پڑی۔
خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے دس جوانوں اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دو جوانوں سمیت بارہ اہلکار شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس میں کہا گیا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



