– اشتہار –
پشاور، 26 نومبر (اے پی پی): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر تشدد اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے۔
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کا رویہ امن کے اصولوں کے منافی ہے، احتجاج کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے انتشار کی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کے تحفظ کی ضامن بنیں، ان کی جان کو خطرہ نہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف تحریک انصاف کا ایسا رویہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے لیکن وزیراعلیٰ پوری سرکاری مشینری اور وسائل کے ساتھ وفاق پر حملہ کرنے میں مصروف ہیں۔
– اشتہار –



