صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ قلات میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہوا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ قلات میں شاہ مردان چوکی پر ہوا، جہاں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہداء کی لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ 9 نومبر کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پیش آیا ہے، جس میں ایک خاتون سمیت 26 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں چوکی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ نقوی نے زور دے کر کہا کہ شہید اہلکاروں نے شہادت کا اعلیٰ اعزاز حاصل کیا ہے، اور امن کے لیے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ملکی امن کے لیے افواج کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔



